آن لائن کام کیسے ملے گا؟ 10 آسان ٹپس۔
اپنا سوشل میڈیا پروفائل کیسے بنائیں؟
شہزاد بشیر
آن لائن کام کیلئے سوشل میڈیا پروفائل میں یہ 10 کام لازمی کیجئے
یہ سوال تواتر سے پوچھا جاتا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے کیسے کام لیا جائے؟ اور اس کا جواب بہت آسان اور بہت سادہ سا ہے۔
تو جناب میں آپ کو بتا دوں کہ آن لائن کام ملنا اب اتنا آسان نہیں جتنا پہلے تھا کیونکہ حالات کے پیش نظر اب ہر دوسرا انسان یہی کوشش کرتا ہے کہ آن لائن کام ملے اور انکم بڑھے۔
مگر ایسا ہرگز نہیں کہ کام ہے ہی نہیں۔
کام تو ہے مگر آپ کام لینے والے بنیں گے تو ملے گا۔
اس کے کچھ آسان سے طریقے ہیں جو آپ کو کرنے ہونگے۔ پہلے بھی بتا چکا ہوں پھر دہراتا ہوں۔
1۔ سب سے پہلے اپنے فیس بک پروفائل پر اپنی اصل ہیڈ شاٹ والی تصویر لگائیے۔ جس میں آپ کا چہرہ اور کندھے تک بالکل واضح ہو۔ یاد رکھئے مبہم، غیر واضح، دھندلی یا بلرڈ تصویر شک پیدا کرتی ہے۔ جس نے آپ سے کام کروانا ہوگا وہ کیوں کسی ایسیے شخص پر چانس لے جس نے سنجیدگی سے اپنے پروفائل کو اس قابل نہ بنایا ہو۔ ڈی پی پر اپنی اصلی ہیڈ شاٹ پکچر لگائیے۔ یہ سب سے ضروری ہے۔
2۔ کور فوٹو پر اپنی سروسز کا بینر یا شاپ، آفس جو بھی ہے اس کی تصویر لگائیے مگر اس میں آپ کا نام، اہلیت یا پھر تصویر شامل ہونی ضروری ہے۔ تاکہ آپ کا اس کاروبار سے تعلق کنفرم ہو۔ بینر ہو تو اس پر اپنا واضح موبائل نمبر یا واٹس ایپ یا کم سے کم ای میل ایڈریس لکھئے تاکہ خود سے کوئی رابطہ کرنا چاہے تو کرلے۔
3۔ تیسرا کام بھی انتہائی اہم ہے جو آپ نے کرنا ہے۔ وہ نہیں کریں گے تو آپ چاہے اپنی تصویر لگائیں مہارت بتائیں یقین دلائیں کچھ بھی کریں مگر کوئی مانے گا نہیں اور آپ کا پروفال ایک فیک پروفائل سے زیادہ کچھ نہیں لگے گا۔ وہ تیسرا کام یہ ہے کہ اپنے پروفائل میں صرف اپنے کام یا جو خدمات آپ نے فراہم کرنی ہیں ان سے متعلق ہی پوسٹس رکھئے۔ باقی مذہبی سیاسی حالات حاضرہ خبریں ویڈیوز تفریحی پوسٹیں شعرو شاعری سب ہٹا دیں۔ یہ کریں گے تو سمجھیں آپ نے آدھا میدان مار لیا ہے۔ اب کم سے کم صارف کو یہ تو یقین ہو جائے گا کہ آپ پروفیشنل بھی ہیں اور کام کرنے میں سنجیدہ بھی۔ یاد رکھئے کسی کی جیب سے پیسے نکالنا کوئی آسان کام نہیں۔ کوئی آپ پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کرے گا لیکن اپنے کام کے لئے لاکھوں روپیہ فوراََ خرچ کرنے کیلئے آپ کو ہائر کرلیا جائے گا اور یہ تب ہو گا جب آپ پر اعتماد قائم ہو۔ اس کے لئے یہ سب کرنا ضروری ہے جو میں نے بتایا ہے۔ کیونکہ آپ لوگوں سے کہہ تو رہے ہین کہ میں فلاں کام کا ماہر ہوں مگر جب کوئی آپ کا پروفال وزٹ کرے تو وہاں کام کے علاوہ سب کچھ ملے اور کام سے متعلق کچھ نہ ملے تو سمجھ لیجئے پھر۔۔۔ ٹاٹا ۔ بائے بائے ہی ہوگا۔
4۔ جو پوسٹیں بھی آپ اپنے کام سے متعلق لگائیں وہ پروفیشنل انداز کی ہوں اور آپ کے سروس چارجز ، دورانیہ، کرنسی اور دیگر چیزیں صاف اور واضح ہوں تاکہ صارف تسلی کر لے۔
5۔ کہتے ہیں موت کا اور گاہک کا کوئی وقت نہیں ہوتا۔ اسلئے اگر آپ نے پروفائل یا پیج پر کوئی اشتہارات لگائے یا پوسٹیں گروپس میں شیئر کی ہیں تو ضرور کوئی نہ کوئی آپ سے رابطہ کرے گا۔ اب اگر آپ نے لوکل جابز اور گروپس میں شیئرنگ کی ہے تو پھر اسی حساب سے اور ٹآئم زون کے مطابق آن لائن رہئے۔ اگر بیرون ملک سے کام لینا چاہتے ہیں تو پھر اس ملک کے ٹائم زون کے حساب سے موجود رہئے۔ اگر میری بات کریں تو میں تقریباََ 18 گھنٹے آن لائن رہتا ہوں۔ جی ہاں 18 گھنٹے۔ فری لانسنگ کہنے کو تو مزے ہیں کہ گھر پہ بیٹھ کر کرلیں گے مگر انتہائی ذمہ داری کا کام بھی ہے۔ آپ نے اگر غیر ممالک سے کام لیا ہے پھر ملک کا نام اور اس کی لاج بھی رکھنی ہے ورنہ نہ جانے کتنے اور لوگوں کا نام بھی خراب ہوتا ہے۔
6۔ ایک انتہائی دست بستہ عرض ہے کہ جناب اگر بیرون ملک کسٹمرز سے کام پکڑنا ہے اور کسی جاب مارکیٹ کے ذریعے پکڑنا ہے جیسے اپ ورک، فائیور، فری لانسر، گرو اور دیگر تو برائے مہربانی اگر پاکستانی ہیں تو پاکستانی جھنڈا ہی لگائیے۔ ایڈریس پاکستان کا ہی لکھئے، اور خود کو پاکستانی کہنے میں مت شرمائیے۔ اگر کوئی آپ کو یہ پٹی پڑھائے کہ کام نہیں ملے گا تو اس سے فوراََ دور ہوجائیے۔ آج کل یہ پتہ چلانا کوئی مشکل نہیں کہ آپ کس ملک کی آئی پی سے لاگن ہیں۔ ایک بار فیک ثابت ہوئے تو زندگی بھر دوبارہ اس مارکیٹ میں نہ اکاؤنٹ بنا سکیں گے نہ روزگار پا سکیں گے اپنے اصل نام اور کاغذات پر۔ پھر لیبل صرف فراڈ کا لگے گا۔ میں نےبارہ سال میں بہت سے باصلاحیت لوگ رلتے دیکھے ہیں صرف اسی وجہ سے۔
7۔ لوکل مارکیٹ سے کام لینا ہے تو اردو ہی کافی ہے لیکن اگر انٹرنیشنل مارکیٹ سے کام چاہئے تو انگلش ضروری ہے۔ کم سے کم اتنی کہ آپ اپنا مدعا بیان کرسکیں اور سامنے والا اس کو سمجھ کر آپ کو اپنا کام بتا سکے۔ باقی کوئی ہائی فائی یا منہ ٹیڑھا کرکے انگریزی بولنا کوئی شرط نہیں ہے۔ میں نے بہت سے ممالک کے صارفین کے علاوہ سروس پرووائیڈرز کے ساتھ بھی کام کیا ہے مگر کوئی بھی امریکن یا برٹش لہجے کی بیماری میں مبتلا نہیں ملا۔ بس کام سمجھ سکیں اور سمجھا سکیں اتنی کافی ہے۔ ہمارے ماہر پروفیشنلز بھی اس چیز سے گھبرا کر کسٹمر کی کال نہین لیتے یا بات نہیں کر پاتے ۔ کانفیڈنس رکھئے کچھ نہیں ہوتا۔
8۔ گروپس میں شیئرنگ کرتے وقت بھی دھیان رکھئے کہ یہ نہ ہو اپنی پوسٹیں ہر گروپ میں پتھروں کی طرح مارنا شروع کردیں اور ہر جگہ سے بین ہو جائیں۔ پہلے متعلقہ گروپ سرچ کیجئے ان کی شرائط و ضوابط پڑھئے پھر اس کے مطابق چلئے۔ اور ایک بیماری سے دور رہئے جو ہمارے لوگوں میں کثرت سے پائی جاتی ہے وہ یہ کہ ہر پوسٹ کے کمنٹ میں اپنا لنک یا اشتہار گھسا دینا۔ چاہے ٹاپک کوئی بھی ہو۔ یہ طریقہ درست نہیں۔ صرف اپنی پوسٹ کیجئے۔ دوسرے کی پوسٹ پر اگر آپ کو لگتا ہے کہ جواب دینا چاہئے تو پہلے اس موضوع پر کمنٹ کیجئے پھر آخر میں مہذبانہ انداز میں یہ بتاتے ہوئے کہ میں یہ سروس آپ کو دے سکتا ہوں اپنا پیج یا پروفائل لنک دے دیجئے۔ بہتر تو یہی ہے کہ انباکس میں اجازت لے کر بات کرلیں۔
9۔ آج کل موبائل سب کے پاس ہے اور ڈیزائننگ کی ایپس برس رہی ہیں تو کوئی بھی اچھی ایپ دیکھ کر یا کسی آن لائن ویب سائٹ پر یا اگر لیپ ٹاپ ہے تو ڈیزائن سوفٹویئر سے اپنی سروسز کی مختلف انداز اور سائزز کی تصاویر بینرز وغیرہ بنائیے اور ریگولر پوسٹ کیجئے۔ اس میں آپ پوسٹس میں یکسانیت کیلئے ایک مستقل کلر تھیم سیٹ کرلیں اور اپنا لوگو لازمی لگائیے تاکہ برانڈنگ کی جا سکے۔ اور لوگ یاد رکھیں۔
10۔سب سے ضروری یہ کہ برائے مہربانی، صبر کا دامن تھامے رہئے اور مستقل کام کرتے رہئے۔ مطلب پوسٹں روکیئے نہیں۔ مایوس مت ہوئیے۔ ایسا نہیں کہ چٹ منگنی پٹ بیاہ کی طرح ابھی پوسٹ کی اور ابھی کام ملا، یہ نایاب کیسز میں ہوتا ہے۔ اللہ نے روزگار پہلے دن لکھا ہوگا پہلے دن ملے گا لیکن اکثر تھوڑا وقت لگتا ہے۔ اس دوران اپنے آپ کو اپڈیٹ کرتے رہئے۔ جابز سرچ کرتے رہئے۔ کسی ایک پلیٹ فارم پر اکتفا نہ کیجئے۔ جو آسان لگے اس پلیٹ فارم پر توجہ دیجئے۔ پھر یہ جاننے کی کوشش کیجئے کہ جابز سرچ کرنے اور پرپوزل بھیجنے کا صحیح وقت کونسا ہے۔ اگر بیرون ملک خاص کر امریکہ کینیڈا وغیرہ سے جاب لینی ہے تو پھر میں اپنا تجربہ بتاتا ہوں کہ آپ صبح 4 بجے سے 7 بجے کے درمیان پروپوزلز بھیجیے کیونکہ یہ وہ وقت ہوتا ہے کہ ایشیا میں رات ہوتی ہے اور فری لانسرز کم آن لائن ہوتے ہیں تو جاب ملنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
اب پتہ چلا کہ فی لانسرز رات رات کیوں جاگتے ہیں یہ تو صرف ایک نمونہ ہے۔ آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔ ہاہا۔ گھبرائیے نہیں یہ کوئی ہارڈ اینڈ فاسٹ رول نہیں ہے مگر تجزیہ ہے اور تجربہ ہے باقی رزق اللہ کے ہاتھ ہے۔ سوتے میں بھی جگا کر کوئی آپ کو کام دے سکتا ہے۔ دعا میں یاد رکھئے گا۔
شہزاد بشیر
ٹیکنالوجی کی کیٹگری میں مزید معلوماتی مضامین تسلسل سے آنا شروع ہورہے ہیں آپ وزٹ کرتے رہیں۔ شکریہ
کیا آپ اپنی کمپنی کی ویب سائٹ یا آن لائن اسٹور بنوانا چاہتے ہیں ؟
انٹرزون مارکیٹنگ کا زبردست رعائتی پیکج۔ ڈومین – ہوسٹنگ – ویب سائٹ ایک ساتھ۔
اس ویب سائٹ پر سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے ناولز - ڈاؤن لوڈ کیجئے
ہمیں امید ہے کہ آپ اس ویب سائٹ سے اپنے مطالعاتی ذوق کی تسکین حاصل کرتے ہیں۔ کیا آپ اس ویب سائٹ کے ساتھ تعاون کرنا پسند فرمائیں گے؟ We hope you will enjoy downloading and reading Kitab Dost Magazine. You can support this website to grow and provide more stuff ! Donate | Contribute | Advertisement | Buy Books |
Buy Gift Items | Buy Household Items | Buy from Amazon |